گلبرگہ 17ڈسمبر (ایس او نیوز) 5جنوری کو ہفت گنبد گلبرگہ کے تاریخی میدان میں بعد نماز مغرب آل انڈیا ملی کونسل کی جانب سے شمالی کرناٹک (حیدر آباد کرناٹک و ممبئی کرناٹک)کے 13ضلعوں پر مشتمل کنوینشن کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا جس میں تمام مذاہب کے سیکولر ذہن رکھنے والے سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔ اس بات کی اطلاع نگران معتمد آل انڈیا ملی کونسل ممبئی کرناٹک و حیدر آباد کرناٹک ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نے دی۔
پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اصغر چلبل نے بتایا کہ ملک کے دستور کی حفاظت کرنا ہر ہندوستانی شہری کی ذمہ داری ہے۔ دستور ہند میں جو تبدیلیاں لانے کی کوشش کی جارہی ہیں اس کے سبب آج نہ صرف سارے ملک کے مسلمان فکر مند ہیں بلکہ تمام سیکولر ذہن رکھنے والے افراد بھی اتنے ہی زیادہ فکر مند ہیں۔ دستور ہند کے تحفظ کے لئے آل انڈیا ملی کونسل اپنے طریقہ پر جدو جہد کررہی ہے۔ لیکن اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک کے سارے مسلمان اور سیکولر طبقات متحد ہوکر دستور ہند کے تحفظ کے لئے قدم بڑھائیں۔ موجودہ مرکزی حکومت جو آر ایس ایس اور فرقہ پرست طاقتوں کے اشارہ پر چل رہی ہے وہ موجودہ آئین سے مطمئن نہیں ہے۔ 2019کے پارلیمانی انتخابات میں اگر ہم غفلت برتتے ہیں اور بی جے پی دوبارہ اکثریت حاصل کرکے اقتدار پر قبضہ کرتی ہے تو اس صورت میں وہ ضرور ہندوستان کے دستور کو تبدیل کرے گی۔
ڈاکٹرمحمد اصغر چلبل نے کہا کہ اس کنوینشن میں آل انڈیا ملی کونسل کے قومی و ریاستی قائدین کے علاوہ مختلف مذہبی سربراہا ن، سجادگان، علماء کرام و مشائیخین اور سیکولر ذہن رکھنے والے قائدین شرکت کریں گے۔ کنوینشن میں ملک کے موجودہ ہ حالات اور دستور ہند و ملک کے سیکولر ازم کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے آل انڈیا ملی کونسل کا لائحہ عمل، گلبرگہ اعلامیہ (Gulbarga Decleration)کے نام سے جاری کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کنوینشن کے ساتھ ساتھ آل انڈیا ملی کونسل کا شمالی کرناٹک اضلاع کے عہدہ داران کے لئے دور روزہ ورک شاپ بھی منعقد ہوگا۔